حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی الصفوی کی قیادت میں، گزشتہ روز شہید رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہایؒ کی تدفین کی مناسبت سے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں ایک پُروقار مجلسِ وداع کا انعقاد کیا، جس میں علماء، ذاکرین، معززین علاقہ اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز شہید رہبر معظم کے ایصال ثواب اور بلندیٔ درجات کے لیے قرآن خوانی سے ہوا۔
اس موقع پر مرکزی امام باڑہ کا ماحول انتہائی سوگوار، روح پرور اور عقیدت و احترام کے جذبات سے لبریز تھا۔ جس کے بعد انجمن کے مرکزی ذاکرین نے مرثیہ پیش کرتے ہوئے شہید رہبر معظم کی استقامت، اسلامی بیداری، امت مسلمہ کے اتحاد، حق و انصاف اور مظلوم اقوام کی حمایت پر انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔

اپنے خطاب میں میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے کہا کہ شہید رہبر معظم کی زندگی کا اصل پیغام اتحاد امت، استقامت، حق و انصاف اور مظلوموں کی حمایت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا رب، نبی حضرت محمد ؐ ، قرآن اور قبلہ ایک ہے، لہٰذا فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر اتحاد و اخوت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے ایران اور کشمیر کے تاریخی مذہبی و تہذیبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے شہید رہبر معظم کی خدمات کو امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ قرار دیا۔

میرواعظ نے ان حکام کے اقدام کی بھی شدید مذمت کی جنہوں نے حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی الصفوی کا پاسپورٹ ضبط کرکے انہیں ایران جا کر شہید رہبر معظم کی تشییع و تدفین میں شرکت سے محروم رکھا۔
بعد ازاں انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی الصفوی نے اپنے خطاب میں شہید رہبر معظم کو عصر حاضر کی عظیم ترین دینی، فکری اور انقلابی شخصیات میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پوری زندگی حق، عدل، عزت امت، مظلوم اقوام، بالخصوص فلسطین، کی حمایت اور عالمی استکبار، خصوصاً امریکہ اور صہیونی ریاست اسرائیل، کے خلاف بے مثال استقامت کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہادت سے مزاحمت کی تحریک کمزور نہیں، بلکہ مزید مضبوط ہوئی ہے، اور رہبر معظم کا فکر، پیغام، قربانی اور استقامت رہتی دنیا تک آزادی، عزت، خودداری اور ظلم کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کے لیے مشعل راہ رہے گی۔
انہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ اتحاد، صبر، ایثار اور حق و انصاف کے قیام کے لیے عملی کردار ادا کریں۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے شہید رہبر معظم کے درجات عالیہ، امت مسلمہ کے اتحاد، مظلوم اقوام کی نصرت اور عالم اسلام میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔

اجلاس کے اختتام پر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی الصفوی کی قیادت میں مرکزی امام باڑہ بڈگام سے شہید رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہایؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک عظیم الشان پُرامن جلوس برآمد کیا گیا، جس میں ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کرتے ہوئے شہید رہبر معظم کے افکار، امت مسلمہ کے اتحاد، مظلوم اقوام کی حمایت اور ظلم کے خلاف استقامت کے عزم کا اعادہ کیا۔
پروگرام کا اختتام اجتماعی دعا پر ہوا، جس میں شہید رہبر معظم کے درجات عالیہ، امت مسلمہ کے اتحاد، عالم اسلام کے امن و استحکام اور جموں و کشمیر میں امن و خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔









آپ کا تبصرہ